Text edition. Text-only edition from the client's Word file: this book has no printed pages. The text has not been proofread against the original.
حاکم شام
جلد۔١
تألیف
آیت اللہ سید مرتضیٰ مجتہدی سیستانی
ترجمہ
عرفان حیدر
حاکم شام
مؤلف : ......................... آیت اللہ سید مرتضیٰ مجتہدی سیستانی
ترجمہ : ..........................عرفان حیدر
ڈیزاین : .........................اظہر باقر خان
طبع: .............................اوّل
تاریخ طبع :........................٩دسمبر ۲۰۲۱ء
تعداد:. ..........................١٠٠٠
قیمت: ...........................۴٥٠
ناشر..............................فجر پبلیکیشنز
مؤلف کی ویب سائیٹ :www.almonji.com
ہم سے رابطہ:info@almonji.com
بسم اللہ الرحمن الرحیم
انتساب
میں اپنی یہ ناچیز کاوش وارث علم کردگار، حامل علم رسول مختار، ناظر گردش لیل و نہار، شیعیت کی محور و مدار، نور چشم صاحب ذوالفقار ، قائم آل محمد، یوسف زہرا علیہا السلام، حجت بن الحسن عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی پاک بارگاہ میں پیش کر کے، قبولیت کا متمنی ہوں۔
حرف مترجم
تاریخ میں کچھ ایسی شخصیات ہوتی ہیں،جن کی زندگی کا ہدف و مقصد انسان کو سعادت تک پہنچانا ہے اور کچھ ایسے افراد بھی ہوتے ہیں جو شیطان کی نیابت میں لوگوں کو ہلاک اور گمراہ کرنے کا کام بطور احسن انجام دیتے ہیں۔
خدا وندعالم کی طرف سے معین کئے ہوئے الٰہی نمائندے، پیغمبرﷺ اوراہلبیت اطہار علیہم السلام وہی شخصیات ہیں،جنہوں نے اپنی بے مثال سیرت اور بے نظیر کردار کے ذریعہ انسانی معاشرہ کی دنیاوی و اخروی سعادت کی طرف ہدایت و راہنمائی کی۔
بیشک پیغمبراکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم ایک نور تھے جو انسانوں کے تاریک قلب ودماغ میں چمکیاور معاشرے کو تہذیب وتمدن کا ایسا تحفہ پیش کیا جو آج تک تمام انسانی قوانین میں سب سے بہترین ہے اور ہر شخص اس بات کی تصدیق کرتاہے کہ اگر صرف مسلمان ہی رسول خاتم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی تعلیمات پر عمل کرتے اور اختلاف ، تفرقہ ، تعصب اور خود غرضی سے پرہیز کرتے تو یقینا چودہ سو سال گزرجانے کے بعد آج بھی اس تہذیب وتمدن کے مبارک درخت سے بہترین ثمر تناول کرتے،لیکن افسوس صد افسوس کہ پیغمبر صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی جانسوز اور دردناک رحلت کے بعد ظاہراً اسلام قبول کرنے والے کچھ مسلمانوں پر خود غرضی اور مقام طلبی حاکم ہو گئی اور وہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے بتائے ہوئے خدا ساختہ راستہ کو چھوڑ کر خود سا ختہ راستہ پرنکل پڑے اور آج تک انسان اوربالخصوص مسلمان ان کے اس گناہ کبیرہ کی سزا بھگت رہے ہیں۔
لیکن خدائے عظیم نے ان کریم ہستیوں کے ذریعہ ہر دور کے انسان کے لئے ہدایت کا سامان فراہم کیا ہے لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ انسان تعصب و تنگ نظری اور اپنے آباء و اجداد کی اندھی تقلید کو چھوڑ کرحقیقی معنوں میں منطقی طریقے سے تحقیق و جستجو کرے۔
ان معصوم ہستیوں کی سیرت و کردارصرف اسی دور کےمسلمانوں کے لئے ہی اسوہ نہیں تھی بلکہ ان کی احادیث اور پیشنگوئیاں ہر دور کے مسلمان کے لئے ہدایت کا وسیلہ ہیں۔رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اور امیر کائنات علی علیہ السلام نے اپنی پیشنگوئیوں کے ذریعہ مسلمانوں کو آئندہ کے واقعات و حادثات اور اسلام کا لبادہ اوڑھ کر اسلام کو نیست و نابود کرنے والے شیطان کے نائبین خاص سے آگاہ فرمایا کہ لوگ ان ظاہری مسلمانوں کے شرّ سے محفوظ رہیں۔
یہ کتاب بھی راہ حق سے بھٹکے ہوئے سادہ لوح افرادکے لئے نایاب تحفہ ہے جن کے لئے یہ چراغ راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔اس کتاب میں اسلام کے سب سے بڑے دشمن بنی امیہ اور بالخصوص معاویہ کے خبیث چہرے سے پیغمبرصلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی احادیث اور پیشنگوئیوں کے ذریعہ نقاب کشائی کی گئی ہیں تاکہ ہمارے اہلسنت بھائی یہ جان لیں کہ وہ جسے اپنا خلیفہ مانتے ہیں وہ اسلام کے نام پر اسلام کو ہی مٹانے کے لئے کس حد تک کوشاں رہا۔
اور یقینا اس کار خیر کو انجام دینا مجھ اکیلے کے بس کی بات نہیں تھی لہذا میں اپنے والدین، اساتید،بھائیوں ، بہنوں اور دوستوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس کر خیر کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لئے میری راہنمائی کی اور اپنے مفید مشوروں سے نوازا۔خداان کی توفیقات میں اضافہ فرمائے اور وقت کے ہادی و راہنما یوسف زہرا امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور میں تعجیل فرمائے۔
و السلام
عرفان حیدر
پیشگفتار
ایک اہم نکتہ
محققین جس موضوع کے بارے میں بھی تحقیق کا آغاز کریں انہیں اس نکتہ کی طرف توجہ کرنی چاہئے کہ اس موضوع سے متعلق بہت سےفقہی ، تاریخی اور تفسیری حقائق مطالب پر دقّت اور غور وفکرکرنے سے ہی حاصل ہوتے ہیں ۔
مثال کے طور پر تاریخ اور تاریخ نگاری میں ہو سکتا ہے کہ بعض مؤرخین نے تاریخی حقائق کو واضح و آشکار طور پر بیان نہ کیا ہواور ممکن ہے کہ یہ ان حقائق سے لاعلمی کی دلیل ہو یا اس میں مؤرخین کے اغراض و مقاصدشامل ہوں ،لیکن جو محققین اور اہل تحقیق تاریخ کے اوراق میں پوشیدہ حقائق سب کے آشکار کرنا چاہتے ہیں ،انہیں چاہئے کہ ان مطالب کو عام سطحی نظر سے نہ دیکھیں بلکہ جو کچھ پڑھیں اس پر دقّت کریں اور مکمل فہم و فراست سے غور وفکر کریں تاکہ اس تدبّر و تفکّر کی وجہ سے تاریخ کے تاریک اور بیان نہ کئے گئے نکات کوواضح و روشن کرکے معاشرے کے سامنے بیان کر سکیں ۔
اب ہم تاریخ کا ایک چھوٹا سا نکتہ بیان کرتے ہیں اور پھر ہم اس کی علل و اسباب کے بارے میں جستجو کریں گے:
تاریخ میں ذکر ہواہے :اسلام کی طرف مائل ہونے والے یہودی اور عیسائی عثمان کے زمانے تک اسے خلیفہ مانتے تھے حتی کہ جب عثمان کے گھر کا محاصرہ کیا گیا تو ان میں سے کچھ نے تو جانفشانی کی حد تک عثمان کا دفاع بھی کیا لیکن عثمان کے قتل کے بعد ان میں سے بہت سے معروف افراد نے نہ صرف امیر المؤمنین علی علیہ السلام کی اطاعت نہ کی بلکہ مدینہ کو چھوڑ کر شام میں معاویہ کے گرد جمع ہو گئے!
یہ ایک ایسی حقیقت ہے جسے تاریخ نے بیان کیا ہے اور ایسے ہی کچھ نمونے ہم نے اس کتاب میں ذکر کئے ہیں۔اب اس بارے میں غور و فکر کریں کہ ظاہری طور پر مسلمان ہونے والے یہ یہودی و عیسائی کیوں عثمان کی حمایت کرنے کے لئے تیار تھے؟ لیکن انہوں نے امیر المؤمنین علی علیہ السلام کی حمایت نہ کی ؟اور پھر کیوں انہوں نے شام جا کر معاویہ کی حمایت کی؟
کیا ان کے اس عمل کو اس چیز کی دلیل نہیں سمجھا جا سکتا کہ کہ وہ اپنے اہداف و مقاصد کے پیش نظر ظاہری طور پر مسلمان ہوئے اور عثمان کے گرد جمع ہو گئے؟عثمان نے ان کے لئے ایسا کیا کیا کہ جس کی وجہ سے مسلمانوں نے اسے یہودیوں کے قبرستان میں دفن کیا؟کیوں انہوں نے خاندان وحی علیہم السلام کا دامن نہ تھاما اور معاویہ کے پیچھے چل پڑے؟
ان امورپر غور کرنا اس حقیقت کو واضح کر دیتاہے کہ ظاہری طورپر مسلمان ہونے والے یہودیوں اور عیسائیوں کے ایک گروہ نے اسلام کو نقصان پہنچانے کے لئے معاویہ کو طاقت دی؟حتی انہوں نے عثمان کے قتل ہونے سے پہلے ہی معاویہ کو خلیفہ کے عنوان سے متعارف کر دیا تھا۔ ان کے شام جانے کے بعد معاویہ نے انہیں قبول کر لیا اور ان میں سے بعض کو تو مسلمانوں کی سرپرستی کے لئے بھی منتخب کر لیا!!
ان کے مسلمان ہونے کے آثار میں اسرائیلیات،خرافات اور جھوٹی حدیثیں گھڑنا شامل تھا۔وہ ظاہری طور پر اسلام کا لبادہ اوڑھ کر ان امور کی ترویج کرتے تھے اور اسلام کے لئے درد دل نہ رکھنے والے خلفاء نے انہیں کھلی چھوٹ دے دی۔یہ ایسے افراد کے مسلمان ہونے کے عامل میں سے ایک ہے۔